محسن وال: چھٹی جماعت کا طالب علم تھپڑوں والی کبڈی کھیلتے جان کی بازی ہار گیا
محسن وال (نامہ نگار) محسن وال کے نواحی گائوں کے گورنمنٹ بوائزہائی سکول 115 پندرہ ایل میں چھٹی کلاس کا طالبعلم تھپڑوں والی کبڈی کھیلتا جان کی بازی ہارگیا۔ بلال نے کلاس فیلو عامر کیساتھ تھپڑوں والی کبڈی کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سکول ہیڈ ماسٹر نے نہ ہی پوسٹمارٹم کروانے دیا اور نہ بچے کو ہسپتال بجھوایا۔ محسن وال کے نواحی گائوں 115 پندرہ ایل کے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں دو طلبا نے سنگین کھیل کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ چھٹی جماعت کے دونوں طلبا نے تھپڑوں والی کبڈی شروع کردی جس سے بلال ولد ریاض لگاتار تھپڑ برداشت نہ کرسکا زندگی کی بازی ہار گیا۔ سکول انتظامیہ نے ہسپتال بھیجنے کی بجائے موت کے 45 منٹ بعد نعش بچے کے گھر بجھوا دی، والد کو کھیل کے دوران دل کادورہ سے موت کی اطلاع دی۔ سکول کے ہیڈماسڑ عابد حسین اور انتظامیہ نے ضروری قانونی کارروائی کی بجائے واقعہ کو چھپانے میں اپنی توانائیاں صرف کیں۔ بچے کی موت کی ویڈیو نے تمام پول کھول دیا۔ محکمہ تعلیم کے اعلی حکام نے سکول کے ہیڈ ماسٹر اور کلاس انچارج کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ وقت نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس تھانہ صدر حرکت میں آگئی۔