جرمنی اور آسٹریا نے سرحدوں پر بارڈر کنٹرول میں مزید 6 ماہ کی توسیع کر دی
برلن (اے پی پی) وفاقی جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ ملکی سکیورٹی یقینی بنانے اور مزید مہاجرین کی آمد روکنے کے لیے جرمنی اور آسٹریا کے مابین سرحد پر بارڈر کنٹرول میں مزید 6ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ یورپ میں آزاد نقل و حرکت کے حامی ہیں اور اسے یورپی یونین کی ایک اہم ترین کامیابی بھی سمجھتے ہیں لیکن موجودہ حالات میں ان کے پاس سرحدی نگرانی میں توسیع کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔بیان وفاقی جرمن وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں مزید کہا گیا، ’’یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کی نگرانی کے نقائص اور بڑے پیمانے پر جاری غیر قانونی مہاجرت کو سامنے رکھتے ہوئے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ داخلی سرحدوں کی نگرانی ناگزیر ہے اس لیے جرمنی اور آسٹریا کی سرحد پر بارڈر کنٹرول جاری رکھا جائے گا۔