کراچی میں بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی مکمل کی جائے: سپریم کورٹ
کراچی (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے بارشوں سے قبل کراچی میں نالوں کی صفائی مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے 5 مئی تک پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ واٹر کمیشن کے حکم پر نالوں کی صفائی سمیت دیگر اقدامات شروع ہو گئے ہیں۔ جس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے یہی شرمندگی کی بات ہے کہ کام اب شروع ہوا ہے۔ شہریوں کو صاف پانی ملنا چاہیے، پانی کے بغیر زندگی نہیں ہے، چیف جسٹس بھی یہی کہتے ہیں صحت کے سارے مسائل پانی سے وابستہ ہیں۔درخواست گزار شہاب اوستو ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکیس کی سماعت شروع ہونے سے چار بڑے نالوں کی صفائی کا کام شروع ہوگیا ہے۔ شہر میں 30 بڑے اور 500 چھوٹے نالے ہیں، خاصا وقت درکار ہوگا ۔ نالوں کی صفائی کیلئے سندھ حکومت 500 ملین روپے جاری کر رہی ہے ، ابتدائی طور پر کورنگی، چکرا، محمودآباد اور منظور کالونی کے نالوں کی صفائی ہورہی ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔