قلعہ دیدار سنگھ : گھریلو ناچاقی پر بھائی نے بہن اور دادی کو تشدد فائرنگ کر کے قتل کر دیا
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار) قلعہ دیدار سنگھ نواحی علاقہ قلعہ وزیر سنگھ (گڑھا) میں گھریلو ناچاقی پر بھائی نے 17 سالہ بہن اور 100 سالہ دادی کو فائرنگ اور تشدد کرکے قتل کردیا ، ملزم کی دوسری بہن شدید زخمی ہو گئی، تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے گاﺅں گڑھا میں ملزم سفیان نے 17سالہ بہن اقرا اور 18 سالہ بہن سدرہ پر ڈنڈوں سے شدید تشدد کیا، بعد ازاں ان پر فائرنگ کردی۔ اسی دوران دادی اپنی پوتیوں کو بچاتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں دادی پوتی دونوں جاں بحق ہوگئیں جبکہ ملزم کی بہن سدرہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی تاہم ملزم سفیان واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بہنوں پر فائرنگ کی جنہیں بچاتے ہوئے دادی زد میں آگئی اور ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے نواحی گاﺅں بھکڑیوالی سے ملزم سفیان کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب عینی شاہدین نے پولیس کوبیان دیتے ہوئے کہا ملزم نے تلخ کلامی کے بعد اپنی بہنوں پر فائرنگ کی، واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا ہے۔
بہن، دادی/ قتل