جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر فائرنگ بے غیرتی‘ عزت نہیں تو بے عزتی بھی نہیں کرنی چاہئے: سعد رفیق
لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر عزت نہیں کر سکتے تو بے عزتی بھی نہیں کرنی چاہئے‘ مہذب ممالک میں انتقال اقتدار کا واحد طریقہ ووٹ کی طاقت ہے، منتخب حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کے بعد عزت سے جانے دیا جائے اور نئی حکومت الیکشن کے ذریعے آئے، فیصلہ گالی گلوچ سے نہیں کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہئے، الیکشن کے لئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے اگر کھینچا تانی جیسے حالات ہوں تو ملک نہیں چل سکتا‘ پاکستان میں جو ووٹ لے کر آئے اسے چور بناﺅ اسے گھسیٹو‘ کیا ”ملائکہ“ کی حکومت لانی ہے؟ ہم پر اعتبار کیا جائے اگر عدم اعتماد کریں گے تو کام نہیں چلے گا‘ ایک دوسرے کو عزت دیں عزت دینا صرف سیاستدانوں نہےں سب کی ذمہ داری ہے‘ سیاست دان میں بڑا حوصلہ ہے مکے اور گھونسے کھا کر بھی مسکراتا ہے، باقی میں بھی یہ حوصلہ پیدا ہو تو ہمیں خوشی ہوگی‘ نواز شریف کو نکالنے کا نقصان ہی ہوگا ‘ہم جھگڑنا نہیں چاہتے نہ اس کا کسی کو فائدہ ہوگا بلکہ جھگڑے بغیر اپنی بات کرنی ہے‘ ڈکٹیٹر شپ اور سویلین دور میں بھی کوئی بات کرنے سے نہیں روک سکتا‘ شفاف الیکشن کے لیے سازگار ماحول بہت ضروری ہے، جوڑ توڑ کے ماحول میں بڑے نقصان کا خطرہ بھی ہوتا ہے، ہمیں اگر کام کرنے دیا جاتا تو سو فیصد بجلی پوری ہوتی‘ریلوے میں 73 ہزار ملازم ہیں، ہم نے کسی کو نہیں نکالا، اگر نکال دیتے تو وہ کیا کرتے، محکمے کے کچھ شعبوں میں تین تین سو اضافی ملازم ہیں‘ جسٹس اعجاز لااحسن کے گھر فائرنگ وحشیانہ فعل ہے جس نے یہ کام کیا بے غیرتی ہے ملک دشمنی کی، وہ انجام تک پہنچیں گے قوم اور سب عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں‘ اس بات کی اجازت نہیں دیں گے ملک کو جنگل بنا دیاجائے، ایک دوسرے کو گالیاں نہیں دینی غلط عمل کی مذمت کی جانی چاہیے۔ لاہور مےں تقرےب سے خطاب کے دوران خواجہ سعد رفےق نے کہا کہ ملک کو شفاف اور بروقت انتخابات کی طرف لے جانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کو میاں نواز شریف کو نکالنے کا نقصان ہوگیا، ہم جھگڑنا نہیں چاہتے نہ اس کا کسی کو فائدہ ہوگا۔ کتنی بار ایسا کرنا ہے، کیا فرشتوں کی حکومت لانی ہے، یہاں فرشتوں کی نہیں انسانوں کی حکومت آنی ہے، سیاست دان میں بڑا حوصلہ ہے مکے اور گھونسے کھا کر بھی مسکراتا ہے، باقی میں بھی یہ حوصلہ پیدا ہو تو ہمیں خوشی ہوگی سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہئے ایک دوسرے کو گالیاں نہیں دینی اور نہ کسی سے لڑائی لڑنی ہے، ایک دوسرے پر سیاہی پھینکنے سے کام نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ آج اعلی عدلیہ سے اظہار ہمدردی اور فائرنگ واقعہ کی مذمت کادن ہے اس عناصر کو سکیورٹی ادارے پکڑیں گے۔ ریلوے ملازمین کے ملازمین کی ساڑھے سولہ کروڑ روپے کی کٹوتی کی اور محکمہ نے پینتیس کروڑ روپے مزید گھروں کےلئے مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریل کار پہلے دو کروڑ چالیس لاکھ اور اب 45کروڑ روپے کما رہی ہے جو حوصلہ افزا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کے انتخاب پر اعتراض تھا لیکن وہ ریلوے سے آئے تو انہیں عزت دی۔
سعد رفیق