نواز سے شہباز شریف کی ملاقات ‘ جسٹس اعجاز الاحسن واقعہ پر ابتدائی رپورٹ سے آگاہ کیا
لاہور(فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ ن کی قیادت نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے۔ میاں شہباز شریف نے فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس بارے میں فوری رپورٹ طلب کی تھی۔ مسلم لیگی زعماءنے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کی رپورٹ ملنے کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو بھی اس سے آگاہ کیا۔ جاتی امرا میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیاسی حلقوں کا خیال ہے شہباز شریف نے چوہدری نثار سے ملاقات کی تفصیل سے میاں نواز شریف کو آگاہ کیا۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے ملک کی صورتحال سمیت احتساب عدالتوں میں چلنے والے مقدمات اور نیب کی کارروائیوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ تاہم مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں کے خاندانی ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہ ہو سکی۔ سیاسی حلقوں میں چوہدری نثار کی مسلم لیگ ن کے بعض رہنماﺅں سے ناراضگی زیر بحث ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چوہدری نثار کی مسلم لیگ ن سے راہیں جدا ہو جائیں گی۔ تاہم مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے چوہدری نثار کی ناراضی اور تحفظات اپنی جگہ لیکن شہباز شریف بالآخر نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان پل بن جائیں گے اور الیکشن 2018ءمیں سب یکجان ہو کر جائیں گے۔
نواز‘ شہباز ملاقات