• news

وزیراعظم شاہد خاقان آرمی چیف کے ہمراہ آج سعودی عرب میں اسلامی فوجی اتحاد کی مشقیں دیکھیں گے

اسلام آباد، دمام (سٹاف رپورٹر+ امیر محمد خان) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ دمام کے ہوائی اڈے پر انکا استقبال سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے گورنر شہزادہ سعود بن نائف آل سعود، پاکستانی سفیر اور اسلام آباد میں سعودی سفیر نے انکا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خرم دستگیر اور آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ ہیں۔ دو روزہ سرکاری دورے کا مقصد دمام میں ہونے والی فوجی مشقیں گلف شیلڈ 1 دیکھنا ہے۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ہمراہ 24 ملکوں کے فوجی اتحاد میں شامل ممالک کے سربراہان بھی فوجی مشقوں کا مظاہرہ دیکھیں گے۔ واضح رہے پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اس فوجی اتحاد کے سربراہ ہیں۔ ابھی تک یہی بتایا گیا ہے کہ یہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ انسداد دہشت گردی اتحاد کا اصل مقصد ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں قیام کے دوران وزیر اعظم اور آرمی چیف کی سعودی عرب کی شاہی اور عسکری قیادت کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں دو طرفہ تعلقات، سلامتی کے شعبہ میں اور خطہ میں سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔
فوجی اتحاد/ مشقیں

ای پیپر-دی نیشن