عقیدہ توحید رسالت سے انسانیت کو عروج ملتا ہے: میاں جمیل
لاہور (خصوصی رپورٹر) عقیدہ توحید رسالت سے انسانیت کو عروج ملتا ہے۔ اندھی تقلید اور شخصیت پرستی کے حصار سے نکالتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و حدیث کی خالص تعلیمات انسان کو گمراہی سے بچاتی ہیں علماء امت کی رہنمائی کریں اللہ تعالیٰ اور رسول کریمؐ کے ساتھ تعلقات مضبوط کریں گمراہی اور بے راہ روی کی دلدل سے نکلنے کیلئے قرآن و حدیث سے رہنمائی حاصل کریں۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ آج مذہب، سیاست اور سماج سمیت ہر شعبہ زندگی میں شخصیت پرستی کا سحر ہے جس کو ختم کئے بغیر معاشرتی سدھار ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں علماء کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں کہ وہ امت کی درست سمت میں رہنمائی کریں تاکہ گمراہی اور ظلمت کو ہمیشہ ناکامی ہو۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ اسلام ہی ایسا خالص اور شان و عظمت والا دین ہے جو مکمل ضابطہ حیات ہے اور دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے حضور نبی کریمؐ کے بتائے ہوئے اصولوں کے بارے میں مکمل آگاہی و رہنمائی مہیا کرتا ہے۔