علماومشائخ پاکستان میں انتشار کی کوششیں ناکام بنا دیںگے:طاہراشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)انتہاء پسندی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے اور عالم اسلام کے مسائل پر مشترکہ مؤقف کیلئے 23 اپریل کو لاہور میں تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس ہو گی ، کانفرنس میں مختلف اسلامی ممالک کے مندوبین ، غیر ملکی سفراء اور ملک بھر سے پانچ ہزار سے زائد علماء شریک ہوں گے ، پاکستان علماء کونسل کوئٹہ میں مسیحی برادری پر حملہ کی شدید مذمت کرتی ہے، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین طاہر محمود اشرفی نے کہی، انہوں نے کہا کہ بعض عالمی قوتیں پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد اور انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں ، لیکن پاکستان کے علماء و مشائخ ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد امن اور سلامتی کیلئے ہے اور کوئٹہ میں مسیحی برادری پر حملہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے ، پاکستان میں رہنے والے غیرمسلم مسلموں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ، اسلام غیر مسلموں کے حقوق کا مکمل محافظ ہے ، انتہاء پسنداور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عالم اسلام اس وقت سخت بحران میں ہے، شام سے لے کر کشمیر تک مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، شام میں کیمیکلز بموں سے بے گناہ شامیوں کا قتل عام کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔