محنت سے کام کرینگے تو نیب بھی کچھ نہیں بگاڑ سکے گا : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گریٹر اقبال پارک میں بنائے گئے نیشنل ہسٹری میوزیم کا افتتاح کیا-وزیراعلی نے گریٹر اقبال پارک میں پودابھی لگایا- وزیراعلی نے کہاکہ نیشنل ہسٹری میوزیم شاندار پراجیکٹ ہے جس میں تاریخ پاکستان کو زندہ کیا گیا ہے- افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہاکہ جس طرح گریٹر اقبال پارک لاہور میں شاندار اضافہ ہے اسی طرح گریٹر اقبال پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم کا قیام ایک شاندار اضافہ ہے- وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی نعمت ہے اور اس عظیم ملک کے قیام میں 70 برس گزر چکے ہیں- اب ہم نے اپنے آپ سے سوال کرنا ہے کہ 70 برس میں قیام پاکستان کے مقاصد کو اس حد تک پورا کیا ہے- ہمیں یہ سوال خلوص اور ایمانداری سے جانچنا ہو گا- محنت سے ہی قومیں بنتی ہیں - اگر آج ہم اپنا منصفانہ احتسا ب کریں گے تو حقائق سامنے آجائیں گے کہ منزل ابھی بہت آگے ہے- بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے ملک کی تعمیر وترقی کے لئے خون پسینہ بہایا جبکہ بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنے ہاتھوں سے اس ملک کو برباد کیا- بہت سے لوگوں نے محنت کی ہے اور بہت سے لوگوں نے وقت ضائع کیا ہے تاہم ہمیں ماضی کو بھول کر اور سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے- انشاء اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب پاکستان بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام حاصل کریگا۔ پاکستان اللہ تعالی کا تحفہ ہے اور یہ ترقی کی منازل ضرور طے کرے گا اور ایک دن قابل عزت مقام حاصل کرے گا- میری یہی درخواست ہے کہ محنت سے کام کریں اور آگے بڑھیں-سب کا احترام کریں اور صرف اللہ تعالی سے ڈریں۔ نیب احتساب کا ادارہ ہے اسے اپنا فرض اداکرنا ہے، آپ محنت سے کام کریں گے تو آپ کو ہر طرف سے شاباش ملے گی اور نیب بھی آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا- اگر آپ محنت سے کام نہیں کریں گے تو نیب کیا آپ اپنا خود بگاڑ لیں گے- شہبازشریف نے گریٹر اقبال پارک میں جھیل کابھی افتتاح کیا- شہباز شریف سے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں، سی پیک اورسیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو ملک بے شمار مسائل کا شکار تھا تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کی کاوشیں رنگ لائی ہیں اور 2018ء کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، پرامن اور روشن ہے۔ سی پیک نے پاکستان کی معیشت کو نئی طاقت دی ہے اورسی پیک کے منصوبے گیم چینجر ثابت ہوئے ہیں۔ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کانام ہے اورہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کیلئے اٹھ رہا ہے- پاکستان کی 70ء سالہ تاریخ میںیہ پہلا موقع ہے کہ تیزرفتاری اور شفافیت کیساتھ منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ شہباز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے پانچ برس شفافیت، دیانت اورامانت سے عبارت ہیں اورہمارا ہر منصوبہ عوام کی فلاح وبہبود کا آئینہ دار ہے۔ مخالفین کے بے بنیاد الزامات صرف جھوٹ کا پلندا ہے۔ کے پی کے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ بہتان تراشی اورجھوٹ بولنے سے قوم کی منزل کھوٹی ہوتی ہے۔ جھوٹ بولنے والوں نے کے پی کے میںاپنے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی جبکہ ہماری حکومت نے دل و جان سے عوام کی خدمت کی ہے۔ جھوٹ اور بہتان طرازی کی منفی سیاست کے علمبر دار عناصر کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ان شکست خوردہ عناصر نے ملک وقوم کے روشن مستقبل کو کھوٹا کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جھوٹ، الزامات اور کھوکھلے نعروں پر مبنی سیاست کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام منفی سیاست کرنیوالوں کو یکسر مسترد کر دیں گے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ پنجاب سپیڈ شہباز شریف کا اعزاز ہے اور انشاء اللہ اب پنجاب سپیڈ پاکستان سپیڈ میں بدلے گی۔ شہباز شریف نے راولپنڈی کے علاقے بنی کے رہائشی 15سالہ دلاور نفیس کے علاج کے لئے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ضروری ہدایات جا ری کر دی ہیں۔