• news

عدلیہ مخالف نعرے: مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر ایم پی اے تحسین جواد اور دیگر کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیئے جانے والے فیصلے کے خلاف شاہراہ دستور پر عدلیہ مخالف نعرے بازی کرنے اور سڑک بلاک کرنے پر مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کے صدر ساجد اعوان، چوہدری رفیق، چوہدری اختر اور رکن صوبائی اسمبلی تحسین جواد سمیت دیگر کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ زیر دفعہ 148/149، 228/188 اور 341ت پ درج کیا گیا ہے، 13اپریل کو عدالتی فیصلے کے بعد احتجاج کا مقدمہ 15اپریل کو پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں اعلی عدلیہ کے خلاف نعرے بازی اور دیگر دفعات بھی شامل ہیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد شاہراہ دستور پر سیاسی کارکنان کے احتجاج کو نہ روکنے پر آئی جی پولیس نے متعلقہ افسران کی سخت سرزنش کرتے ہوئے بازپرس کی کہ سیاسی جماعت کے کارکن سپریم کورٹ تک کیسے پہنچے، آئی جی نے چیف کمشنر کی مشاورت سے اعلیٰ افسران کے تبادلے کرتے ہوئے تھانہ سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔ ایس ایس پی سیکورٹی جمیل ہاشمی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کر دی گئیں، ایس پی سٹی احمد اقبال کو او ایس ڈی اور ایس ایچ او حاکم خان کو معطل کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن