• news

لاہور سمیت پنجاب بھر میں عطائیوں کیخلاف مہم، کلینکس سیل، درجنوں جعلی ڈاکٹر گرفتار

لاہور(خبر نگار+ نامہ نگاران)ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید کی زیر صدارت اجلاس میں عطائیت کیخلاف بھر پور مہم چلانے اور شہر بھر سے عطائی ڈاکٹروں و حکیموں کیخلاف زبردست کریک ڈائون کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ لاہور ، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ڈی او ہیلتھ سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ عطائی ڈاکٹروں اور حکیموں کیخلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں انسداد ڈینگی کے حوالے سے انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی ورکرز کو صرف انسداد ڈینگی مہم پرہی لگایا جائے ان سے دیگر کام نہ لیے جائیں اور تمام اے سی صاحبان ڈینگی ورکرز کی فیلڈ میں چیکنگ کو یقینی بنائیں۔ لاہور میں بھی کریک ڈائون کے دوران مزید 31عطائیوں کے اڈے سیل کر دیے۔عطائیوں کی بہت بڑی تعداد نے کارروائی کے خوف سے اپنے کاروباربند کر دیے ہیں۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر 14 اضلاع میں کارروائی کررہی ہیں۔دوسری طرف چیف جسٹس آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں پنجاب بھر میں عطائیوں کیخلاف جاری مہم میں متعدد کلینک سیل کردئیے گئے جبکہ متعدد جعلی ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اوکاڑہ میں عطائیوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 7 جعلی خاتون اور مرد جعلی ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ کلینکس اور ہسپتال سیل کردئیے گئے۔ بھکر، شاہ پور صدر ،رینالہ خورد میں متعدد کلینک سیل کر دیئے گئے اور کئی جعلی ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ شیخوپورہ، سانگلہ ہل، صفدر آباد ، قصور، گگو منڈی، اوکاڑہ ،شرقپور شریف میں بھی کلینکس اور ہسپتال سیل کرکے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن