شامی فورسز نے امریکہ اور اتحادیوں کا ائربیس پر حملہ ناکام بنا دیا : سرکاری میڈیا
دمشق(آن لائن) شام کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی ڈیفنس سسٹم نے الشیعرات ائربیس پر امریکی اتحادیوں کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا۔ ادھر امریکہ نے شام پر میزائل حملے کی تردید کی ہے۔ دوسری جانب روس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ امریکہ شام میں ریڈ لائن عبور نہ کرے۔شامی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ حمص کے قریب الشیعرات ائیربیس پر میزائل حملہ کیا گیا جسے شامی ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا، میڈیا نے یہ نہیں بتایا کہ میزائل کس نے داغے البتہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے حمص میں کسی قسم کی کارروائی کی تردید کی۔ دوسری جانب دوما کے ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر مروان جابر نے میڈیا کو بتایا کہ کیمیائی حملہ نہیں کیا گیا۔