صوبائی الیکشن کمشنرز کا فوری تقرر، بھرتیوں پر پابندی اٹھائی جائے: خورشید شاہ
اسلام آباد(ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ)اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے فوری طو ر پر صوبائی الیکشن کمشنرز کی تقرری کامطالبہ کر تے ہوئے کہاہے کہ چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر)رضاخان جلد از جلدزسینئر اور غیر جانبدار لوگوں کو صوبوں میں الیکشن کمشنرز تعینات کریں اور الیکشن سے قبل بھرتیوں پر پابندی اٹھائیں۔ان خیالات کا اظہار خورشید شاہ نے صحافیوںسے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر صوبائی الیکشن کمشنرز کو تعینات نہ کر کے شکوک و شبہات کو جنم نہ دیں۔ چیف الیکشن کمشنر کو کسی نے غلط گائیڈ کیا ہے کہ الیکشن سے قبل بھرتیوں پر پابندی لگا دی جائے ماضی میں بھی ایسی بھرتیوں اور ترقیاتی سکیموں پر پابندی لگائی جاتی رہی جو کہ بالکل غلط ہے۔ جسٹس(ر)رضاخان کو چاہئے کہ وہ فوراً بھرتیوں پر پابندیاں اٹھائیں ۔ الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے کہ آئندہ انتخابات کا انعقاد صاف اور شفاف کرائے کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد الیکشن کمشن زیادہ خودمختار ہو گیا ہے لیکن اگر اب بھی الیکشن کمشن شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکام ہوا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے عندیہ دیا ہے کہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوگی۔ انہوں نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی ہے‘ پی اے سی کا اپنا ایک مینڈیٹ ہے اور ہم اسی تک محدود ہیں‘ نیب نے 226لوگوں کو پکڑا ہے جبکہ 800 سے زائد مقدمات زیر التواء ہیں۔ نیب کے طریقہ کار پر پی اے سی میں سوالات کئے گئے مزید ایک بار نیب کو پی اے سی میں بریفنگ دینے کے لئے بلایا جاسکتا ہے۔ چیئرمین نیب نے بتایا کہ نیب نے پندرہ سو ملین ریکوری کی جبکہ پی اے سی نے تین سو بیس ارب کی ریکوی کی ہے۔ ہم نے مزدور کو پی آئی اے کا مالک بنایا، مسلم لیگ ن نے گولیاں چلائیں پی پی پی نے کبھی بھی سیاست کو تجارت نہیں بنایا۔ عمران خان نے اچھا اقدام اٹھایا۔ عمران اور پرویز خٹک بکنے والے ارکان کو پہلے سے جانتے تھے ہماری حکومت آئی تو اس بارے میں اہم فیصلے کریں گے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نئی چیز نہیں۔