• news

فیصل عابدی کے نہ آنے پر سپریم کورٹ برہم ،3 مئی کو گرفتار کرکے لانے کا حکم، نجی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس

اسلام آباد(صباح نیوز‘ آئی این پی)سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں پیش نہ ہونے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سابق سنیٹر فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اگلی سماعت پر پکڑ کر لایا جائے جبکہ نجی ٹی وی چینل کو بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 روز میں جواب داخل کریں۔بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نجی چینل پر پروگرام کے دوران عدلیہ مخالف بات کرنے پر توہین عدالت نوٹس کی سماعت کی۔ سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کہاں ہے فیصل رضا عابدی جس نے گالیاں نکالیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ وہ موجود نہیں۔چیف جسٹس نے متعلقہ تھانے کو حکم دیا کہ فیصل رضا عابدی کی حاضری آئندہ سماعت پر یقینی بنائی جائے اور اگلی سماعت پر انہیں پکڑ کر لایاجائے۔چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا، چیف جسٹس نے کہا کہ چینل کو شرم آنی چاہیے۔ کیا یہ آزادی اظہار رائے ہے۔ایسے چینل کو بند کردینا چاہئے۔ بزرگ سمجھ کر عزت کرتے رہے لیکن یہ کیا کیا گیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا چینل نے پروگرام نشر ہونے سے پہلے نہیں دیکھا تھا،جس پر چینل کے نمائندے نے کہا کہ پروگرام نشر ہونا ہماری غلطی ہے۔چیف جسٹس نے کہا غلطی تھی تو توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع کرائیں جس پر وکیل نجی ٹی وی نے کہا کہ معذرت کر چکے ہیں اور اینکر کو بھی فارغ کر دیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ایسے معافی ہوتی ہے، پروگرام کر کے معافی مانگ لیتے ہیں۔ ہم آپ کی معافی قبول نہیں کر رہے۔عدالت نے فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 3 مئی تک کے لئے ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن