عدلیہ ، حساس اداروں کیخلاف نازیباالفاظ ، قصور سے لیگی ایم این اے ، ایم پی اے سمیت 55 افراد گرفتار
قصور/ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ صباح نیوز) 13 اپریل کو نوازشریف کی تاحیات نااہلی کے عدالتی فیصلہ کیخلاف قصور سٹی کی (ن) لیگی قیادت کی ریلی میں اعلیٰ عدلیہ اداروں کیخلاف ہر زہ سرائی کرنے اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر آئی جی کے حکم پرمقامی ایم پی اے ، ایم این اے سمیت 80 کارکنوں کیخلاف دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرکے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے وسیم اختر شیخ، ایم پی اے نعیم صفدر انصاری، بلدیہ قصور کے چیئرمین ایاز احمد خان، وائس چیئرمین احمد لطیف چودھری سمیت دو بلدیاتی کونسلروں اور 55 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ رات گئے حساس اداروں کی جانب سے ضلعی لیگی رہنماؤں ناصر خاں اور جمیل احمد خاں کو گرفتار کر لیا گیا۔ 13 اپریل کو سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو تاحیات نااہلی کا فیصلہ آنے پر قصورسٹی میں مقامی ایم این اے وسیم اختر شیخ اور مقامی ایم پی اے نعیم صفدر انصاری کی زیر قیادت لیگی کارکنان نے احتجاجی ریلی نکالی اور فیصلے کے خلاف شدید غم کا اظہار کیا، عدلیہ کے معزز قابل احترام جج صاحبان اور حساس اداروں کو بیہودہ شرمناک غلیظ زبان استعما ل کرکے نعرے بازی کی اور خطرناک سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی گئی، احتجاجی ریلی میں (ن) لیگ کے ضلعی رہنماؤں ناصر محمود خاں چیئرمین بیت المال قصور، جمیل احمد خاں چیئرمین مارکیٹ کمیٹی قصور، چیئرمین بلدیہ قصورایاز احمد خاں موجود تھے۔ اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا۔ قصور پولیس کو مقدمہ درج کرکے فوری گرفتاری کا حکم دیا گیا۔ آئی جی پنجاب کے حکم پر مقامی ایم این اے وسیم اخترشیخ اور ایم پی اے نعیم صفدرانصاری سمیت 70/80 (ن) لیگی کارکنان کے خلاف دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کئے گئے۔ ایم این اے وسیم اختر شیخ، ایم پی اے نعیم صفدر انصاری، ایاز احمد خان، احمد لطیف چودھری، ضلعی رہنما ناصر محمود خاں ، جمیل احمد خاں کو رات گئے حساس اداروں نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ باقی ملزمان کی گرفتار ی کیلئے پولیس کی طرف سے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پہلا مقدمہ سکیورٹی کانسٹیبل عبدالرشید اور دوسرا پرائیویٹ شخص میجر حبیب الرحمن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ریلی شریک میں کارکنان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن قصور قدوس بیگ کی سربراہی میں ٹیمیں بنا دی گئیں جس کی میں خود نگرانی کررہا ہوں۔ایم این اے شیخ وسیم اختر، ایم پی اے نعیم صفدر انصاری،ناصر محمود خاں چیئرمین بیت المال، جمیل خاں، ایاز خاں چیئرمین تحصیل کونسل قصور ودیگر 50/60 نامعلوم افراد، شہری حبیب الرحمان کی طرف سے دی گئی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عدلیہ مخالف نعروں پر نوٹس لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے وسیم اختر شیخ کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ ن کے چیف وہیپ شیخ آفتاب احمد کو معاملے پر ایکشن کی ہدایت کرتے کہا کہ وہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیں۔ یاد رہے وزیراعطم کے نوٹس میں یہ بات آئی کہ قصور سے (ن) لیگ کے ایم این اے وسیم اختر شیخ نے عدلیہ مخالف نعرے لگائے ہیں جس پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے چیف وہیپ کو سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔