• news

ایون فیلڈ ریفرنس‘ نیب کا ڈی جی آپریشنز ظاہر شاہ کو گواہ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) نیب ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ایون فیلڈ(لندن فلیٹس) ریفرنس اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ (آف شور کمپنیوں) ریفرنس میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ظاہر شاہ کو گواہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ، ظاہر شاہ نے برطانیہ کا دورہ کرکے مذکورہ دونوں ریفرنسز سے متعلق اہم شواہد برطانوی حکومت سے وصول کیے تھے دوسری طرف نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے ظاہر شاہ کو گواہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی ۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف آف شور کمپنیوں اور لندن فلیٹس میں متعلق بنائے گئے ریفرنسز میں ایک اہم گواہ کا اضافہ کر نے کافیصلہ کیا گیا ہے ۔ نیب کے ڈی جی آپریشنز ظاہر شاہ مذکورہ دونوں ریفرنسز میں احتساب عدالت میں گواہ دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب ظاہر شاہ نے ریفرنس سے متعلق مصدقہ دستاویزات برطانوی حکومت سے وصول کیں تھیں۔نیب پراسیکیویشن ٹیم نے عدالت سے ظاہر شاہ کو گواہوں کی فہرست میں شامل کرنے کی استدعا کردی۔نیب کی استدعا منظور ہونے کے بعد ڈی جی نیب ظاہر شاہ کا بیان بھی قلم بند کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن