• news

ملیریا کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ دار ی ہے: شاہد خاقان عباسی

لندن(آن لائن+ صباح نیوز) دولت مشترکہ (کامن ویلتھ) کانفرنس 2018 میں شرکت کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے۔ پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس اور برطانوی وزیر خارجہ کے خصوصی نمائندے ڈیوڈ پیرے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ دولت مشترکہ کانفرنس 18 سے 20 اپریل تک جاری رہے گی۔وزیراعظم 25ویں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ ایگزیکٹو اور ریٹریٹ اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔اس دوران وزیراعظم برطانوی ملکہ الزبتھ، پرنس آف ویلز اور برطانوی وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ ملیریا براہ راست اور بالواسطہ انسانوں کو متاثر کررہا ہے۔ ملیریا کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان ملیریا کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ گزشتہ روز لندن میں انسداد ملیریا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے سالوں میں 44 ہزار لوگ ملیریا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔ ہم نے بہت سے اقدامات کئے جس کی وجہ سے 2013ء سے لیکر 2017ء تک تقریباً 80 فیصد ملیریا کے شکار افراد کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ ملیریا کے خاتمے کیلئے 2030ء کا ہدف مقرر کیا گیا ہے لیکن پاکستان 2030ء سے بہت پہلے ملیریا کے انسداد کی خواہش رکھتا ہے اور کوشش جاری رکھے گا۔ ملیریا کے خاتمے کیلئے ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کا کردار قابل ستائش ہے۔ پاکستان انسداد ملیریا کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔ دیہی اور دوردراز علاقوں تک ملیریا کے علاج کی سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔ ملیریا کے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے ملیریا کے خاتمے کیلئے ایران اور افغانستان سمیت دیگر خطے کے ممالک کیساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن