نوازشریف‘ مریم نے کلثوم نواز کی عیادت کی‘ والدہ کمزور دکھائی دیتی ہیں : ٹویٹ‘ سیاسی گفتگو نہیں کرونگا لندن قیام کا آج پتہ چل جائیگا، سابق وزیراعظم
لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف اور انکی بیٹی مریم نواز نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔ قبل ازیں نوازشریف‘ مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر لندن پہنچے تھے۔ مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا 5ماہ بعد والدہ سے ملاقات ہوئی۔ وہ بہت کمزور اور زرد دکھائی دے رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ میری والدہ اور تمام مائوں کو مکمل صحت دے۔ نوازشریف اور مریم نواز کی بیگم کلثوم نواز کی تیمارداری کے بعد 22 اپریل کو وطن واپسی کا امکان ہے۔ قبل ازیں نوازشریف کو اہل خانہ سمیت سخت سکیورٹی میں رائیونڈ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لے جایا گیا جہاں سے وہ غیرملکی ائرلائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے لندن چلے گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق کیموتھراپی کے بعد بیگم کلثوم نواز کی طبیعت انتہائی خراب ہے۔ نوازشریف کے وکلاء کی جانب سے جمعہ تک حاضری سے استثنیٰ کی درخواست احتساب عدالت میں دائر کردی گئی ہے جبکہ روانگی سے قبل مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ والدہ کی تیمارداری کے لئے لندن جا رہے ہیں۔ اگر استثنیٰ نہ ملا تو آئندہ پیشی سے قبل واپس آ جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) نے طے شدہ تمام جلسے موخر کر دیئے ہیں۔ نوازشریف اور مریم نواز نے 20 اپریل کو لالہ موسیٰ، 21کو ساہیوال میں اور 22 اپریل کو مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب کرنا تھا، اب نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں موجود ہیں۔نواز شریف نے ڈیڑھ گھنٹہ ہسپتال گزارے۔ نواز شریف نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج سیاسی گفتگو نہیں کروں گا۔ لندن قیام کا آج پتہ چل جائے گا۔