• news

نگران وزیراعظم: تصدق جیلانی کے نام پر مسلم لیگ (ن) پی پی پی، تحریک انصاف کو اعتراض نہیں

لاہور (مبشر حسن، دی نیشن رپورٹ) سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کو نگران وزیراعظم بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو کوئی اعتراض نہیں ہے اور تصدق جیلانی کے پاس یہ عہدہ حاصل کرنے کا حسین موقع ہے نگران وزیراعظم کیلئے تصدق جیلانی کا نام ان تین ناموں میں شامل ہے جنہیں پی ٹی آئی کی طرف سے غیر سرکاری طور پر میڈیا کو لیک کیا گیا ہے۔ اس عہدے کیلئے پی ٹی آئی کی طرف سے سابق گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر عشرت اور سابق وفاقی وزیر رزاق داؤد کے نام بھی میڈیا میں گردش کر رہے ہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نگران وزیراعظم کیلئے سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی کو سرکاری طور پر نامزد کرتی ہے تو اس کی مخالفت نہیں کی جائے گی یاد رہے دسمبر 2013ء میں افتخار محمد چودھری کی ریٹائرمنٹ کے بعد تصدق جیلانی پاکستان کے چیف جسٹس بنے تھے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ نگران وزیراعظم کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمشن زیادہ طاقتور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن