امریکی پولیس نے ایک اور سیاہ فام شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا
لاس اینجلس (اے پی پی+اے اف پی) امریکی پولیس اہلکاروں نے ایک اور سیاہ فام شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ ڈیانٹے یاربر تین بچوں کا باپ تھا وہ قتل کے وقت غیر مسلح تھا اور لاس اینجلس سے دو گھنٹے کے فاصلے پر واقع بارسٹو نامی شہر میں وال مارٹ سپر سٹور کے سامنے پارکنگ میں اپنی گاڑی پارک کر رہا تھا۔گاڑی میں اس کے علاوہ تین مزید افراد سوار تھے جن میں سے ایک زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ مقتول کے لواحقین کے وکیل کے مطابق پولیس نے علاقے میں ایک مشکوک گاڑی کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران ڈیانٹے یاربر کو گاڑیاں چھیننے والا سمجھ کو اس پر کل تیس گولیاں چلائیں جن میں سے بارہ یاربر کو لگیں ۔ادھر پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مقتول نے گاڑی تیزی سے آگے اور پھر پیچھے لے جا کر پولیس اہلکاروں پر چڑھانے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔