غیر مقبول فیصلوں پر عوامی ردعمل کو روکا نہیں جا سکتا، ٹکٹ نہ ملنے والے پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام جسے چاہیں منتخب کریں گے خدمت نہ کرنے والے سیاستدان مسترد ہو جائیں گے۔ جب غیر مقبول فیصلے آتے ہیں تو عوامی رد عمل آتا ہے جسے روکا نہیں جا سکتا۔ جن کو یقین ہو گیا ہے ن لیگ کا ٹکٹ نہیں ملے گا وہ تحریک انصاف میں جا رہے ہیں۔ نگران سیٹ اپ پر اتفاق رائے ہونا چاہیے نگران حکومت اور شفاف الیکشن کے لیے تمام جماعتوں کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی مقبولیت کا دارومدار اس کے منشور اور نظریے پر ہوتا ہے۔ پارٹیاں نہیں بے وفائی کرنے والے لوگ ٹوٹتے ہیں۔ عوام اب سمجھدار ہو چکی ہے اب عوام ہر اس پارٹی کو رد کرتی ہے جو اس کے لیے کام نہیں کرتی اور ڈلیور نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدار 2013ء کا الیکشن بھی تھا اور 2018ء کا الیکشن 2013ء سے بھی بہتر ہوگا۔ ن لیگ متحد ہے۔ ق لیگ نظریہ ضرورت کے تحت بنی۔ جب تک محمد نواز شریف کا نام مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں مسلم لیگ ن پر مہر نواز شریف کی ہی رہے گی۔ سابق وزیراعظم کی تقریر کو میوٹ کرنا افسوسناک ہے ہم ملک کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں جمہوریت کی اصل روح سے ہٹتے جا رہے ہیں۔ جمہوریت میں ہی ترقی کا راستہ ہے جو بھی ڈلیوری ہوئی ہے وہ جمہوری دور میں ہی ہوئی ہے ایٹمی طاقت بنے پاکستان کا پہلا موٹر وے بنا سی پیک دیکھ لیں 1947 سے آج تک جتنا بھی انفراسٹرکچر بنا ہے اس میں موجودہ ساڑھے چار سال کی ترقی زیادہ نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن گڈ گورننس کا مسئلہ ہوتا ہے جمہوریت کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ مسلم لیگ ن اتنی زیادہ طاقتور اور مقبول ہو چکی ہے کہ وہ ایک طرف ہے اور باقی سب اس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ احتساب سب کا اور یکساں ہونا چاہیے۔ جب ہماری حکومت آئی تو ملک کے حالات کیا تھے۔ سب جانتے ہیں ملک کے دیوالیہ کی خبریں تھیں تمام مسائل جو 2013 میں ملک کو تھے آج 2018 میں نہیں ہیں۔ علاوہ ازیں بے نظیر بھٹو ائرپورٹ پر ایئر لیگ کے جلسہ سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ نواز شریف نے 2013ء میں پارٹی منشور میں جو بھی وعدے کیے ہیں وہ پورے کر دکھائے ہیں اب محمد نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا علم بلند کر رکھا ہے عوام ووٹ کو عزت دو کے موقف پر محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ مریم اورنگزیب نے آٹھویں ویج بورڈ کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن افضل بٹ کے حوالے کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں کی طویل جدوجہد کی بدولت سولہ سال بعد آج آٹھویں ویج بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا، ان کا کہنا تھا صحافیوں کی معاشی صورتحال اور میڈیا مالکان کی رویوں کی وجہ سے صحافتی تنظیموں نے کلیدی کردارادا کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات میری کامیابی کا راز صحافیوں کے ساتھ بہترین روابط ہیں۔