عمران کیخلاف عدالت سے رجوع، ہتک عزت کا دعویٰ کرینگے: پی ٹی آئی ایم پی ایز
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) عمران خان کی طرف سے ووٹ بیچنے والے ارکان کیخلاف کارروائی کے اعلان کے بعد بعض ارکان خیبر پی کے اسمبلی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ جاوید نسیم نے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کیا ہے کہ 3 سال قبل تحریک انصاف چھوڑ چکا ہوں عمران ٖخان کو جواب دینے کا پابند نہیں جبکہ پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی فوزیہ بی بی نے کہا ہے کہ عمران خان پرویز خٹک کی وجہ سے الزام لگا رہے ہیں، عمران خان کے فیصلے کیخلاف عدالت جائیں گے، پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں، شوکاز نوٹس کا جواب دوں گی۔ پی ٹی آئی کی ایم پی اے نگینہ خان نے کہا ہے کہ میں نے ووٹ نہیں بیچا۔ پارٹی فیصلے کے مطابق ووٹ دیا۔ ایم پی اے امجد آفریدی نے کہا کہ پارٹی نے مجھے نکال دیا، میں آزاد ہوں۔ رکن خیبر پی کے اسمبلی یاسین خلیل نے کہا ہے کہ ووٹ بیچنے والوں میں اپنا نام سن کر حیرات ہوں، سازش کے تحت نام ڈالا گیا۔ انکوائری میں میرا موقف نہیں لیا گیا۔ اپنا ووٹ نہیں بیچا۔ مجھ پر الزام ہے لیکن میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔ ووٹ بیچنے کے الزام سے بچنے کیلئے وزیراعلیٰ کو ایک دن پہلے ووٹ نہ ڈالنے کا کہا تھا۔ شوکاز نوٹس کا جواب دوں گا اور پارٹی کو مطمئن کروں گا۔ عبیداللہ مایار نے کہا ہے کہ ووٹ کے بدلے کسی سے پیسے نہیں لئے، ووٹ بیچنے کے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں۔ ثبوت کے بغیر کارروائی کا کوئی جواز نہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے معاون خصوصی عارف یوسف نے کہا ہے کہ ووٹ نہیں بیچا، ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ عمران خان جہاں تسلی کرنا چاہیں میں تیار ہوں۔ پارٹی کی طرف سے شوکاز نوٹس کا جواب دوں گا، انکوائری ٹھیک نہیں ہوئی۔