نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب موخر، 3 مئی کو آپریشنل ہوگا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب دو ہفتے کیلئے موخر کردی گئی اب ایئرپورٹ کا افتتاح3 مئی کو ہوگا جبکہ قبل ازیں افتتاح کی تاریخ 20 اپریل مقرر کی گئی تھی نئی تاریخ وزیر اعظم کے مشیر سردار مہتاب احمد خان کے دورہ ائرپورٹ کے موقع پر دی گئی، نئے ایئرپورٹ کی تعمیر شاہکار ہے جس میں جدید ترین سسٹم لگائے گئے ہیں انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدائت کی وہ ایئر پورٹ کے سسٹم کو بار بار چیک کرے تاکہ سسٹم کی صلاحیت اور اس پر انحصار کے امور بہتر سے بہتر بنائے جا سکیں، دریں اثناء گذشتہ روز صحافیوں نے نئے ایئرپورٹ کا دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئر پورٹ سروسز سید عامر محبوب نے بتایا کہ نئے ایئرپورٹ کا بے نظیر بھٹو ایئر پورٹ سے موازنہ ہی نہیں ہوسکتا کیونکہ اس کا رقبہ چار ہزار238 ایکڑ پر مشتمل ہے، ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے اے ایس ایف کے اس وقت ایک ہزار200 جوان تعینات ہیں، مسافروں کی ساڑھے پانچ ہزار کی روانگی اور چھ ہزار کی ارائیول سے نمٹنے کی صلاحیت رکھی گئی ہے، بیک وقت دو ہزار200 گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے پارکنگ کیلئے9 داخلی اورخارجی راستے بنائے گئے ہیں ،ایئر بس380 کیلئے تین کارگو پارکنگ بنائی گئی ہیں، ائرپورٹ میں چھ ڈومیسٹک برج بھی بنائے گئے ہیں جبکہ چار ٹیکسی وے ائرپورٹ کا حصہ ہیں مسافروں کی سہولت کیلئے نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر دو رن وے بنائے گئے ہیں، نئے ایئرپورٹ میں 9 انٹرنیشنل برج گیٹ بنائے گئے ہیں، ایئرپورٹ میں پانی کی وافر فراہمی کیلئے کسانہ ڈیم بنایا جا رہا ہے جبکہ راما ڈیم میں کافی پانی ذخیرہ ہے نئے ایئرپورٹ پر مریض مسافروں کیلئے 50 بیڈ کا ٹراما سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے،چیکنگ کیلئے 70 کاؤنٹر بنائے گئے ہیں تمام ایئر لائنوں کو نئے ایئرپورٹ کے شیڈول سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر پلاننگ نادر شفیع ڈار نے کہا ہے کہ تاریخ میں توسیع کا مقصد ائر پورٹ آپریشنز کی جانچ اور ٹیسٹنگ ہے ۔ڈپٹی ڈی جی عامر محبوب نے کہا ہے کہ ائرپورٹ کا نیا نام اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ ہوگا ائر پورٹ کا علاقہ اٹک میں واقع ہے تاہم سیکیورٹی کی تقسیم کیلئے یہ علاقہ کسی ایک ضلع میں آجائے گا اس ائرپورٹ کے حوالے سے حکومت کے سیکیورٹی معاملات پر خدشات ہیں جس پر کام کیا جارہا ہے ۔دریں اثناء آئی آتا نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ کی اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ بنے اور پرانی جگہ تبدیل ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔