عالمی معائنہ کاروں نے شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات شروع کر دی
دمشق‘ دی ہیگ (اے ایف پی) دمشق (نوائے وقت رپورٹ) عالمی معائنہ کاروں نے شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات شروع کر دی۔ امدادی تنظیم وائٹ ہیلمٹ نے کیمیکل حملے میں مرنے والوں کی قبروں کی نشاندہی کر دی۔ معائنہ کار ٹیم مٹی، خون اور اسلحے کا بھی تجزیہ کرے گی۔ عالمی معائنہ کار ٹیم مبینہ حملے کے متاثرین کے انٹرویو بھی کرے گی۔ شامی شہر دوما میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی انکوائری کرنے والی ٹیم کی آمد سے قبل یو این اسسٹنٹ سکیورٹی ٹیم پر فائرنگ کی گئی۔ کوئی شخص زخمی نہیں ہوا‘۔ عملہ فوراً دمشق واپس آگیا۔ عالمی ماہرین کی ٹیم دوما میں کام شروع کرنے کیلئے گرین سگنل کا انتظار کر رہی ہے۔ ادھر برطانوی سفیر نے الزام لگایا ہے روس نے کیمیائی ہتھیاروں پر 20 برس سے لگا بین توڑ دیا ہے۔