قائدین کی نااہلی عوام کی محبت کے راستہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی: عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن) کے جنرل سیکرٹری لاہور خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ قائدین کی نا اہلی عوام کی محبت کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، مخالفین جو کرسکتے ہیں کر گزریں لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد کے ساتھ الیکشن میں انہیں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا، باشعور عوام نے ہمیشہ خدمت کرنے والوں کوآنکھوں پر بیٹھایا ہے، نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے۔ پنجاب کی ترقی سب کے سامنے ہے، ترقی اور میگا پراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پہچان بن چکے ہیں۔ ملک کو اندھیروں سے نجات دلانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے سر ہے اور بڑے ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک مثال قائم کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی چوہدری شہباز، سید توصیف شاہ، عامر خان، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف، رمضان صدیق بھٹی، رانا جاوید اقبال، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار، سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔