مودی کی گیڈر بھبھکیوں سے نہیں ڈرتے‘ دنیا جانتی ہے دہشت گرد اور ان کا سرغنہ کون ہے : پاکستان
اسلام آباد ( آن لائن‘نوائے وقت نیوز) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے خصوصاً سوات کے علاقے میں کئی سالوں کے بعد عوام نے خوشیاں منارہے ہیں، میڈیا کو پاکستان کا مثبت چہر ہ دکھانا چاہیے۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی گیدڑ بھبھکیوںسے نہیں ڈرتے ، امریکہ کے ساتھ سفارتکاروں کی نقل وحرکت کو محدود کرنے کے معاملے میں بات چیت جاری ہے۔گزشتہ روز دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ سوات میں دوروزہ سائنس فیسٹیول میں 2000 طلبہ و طالبات نے نہ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی میں اپنی لگن کا اظہار کیا بلکہ جدید سوچ بھی متعارف کروائی۔پاکستان نے گزشتہ سالوں کے دوران دہشتگردی پر قابوپایا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تیا رکی جاتی ہے۔ ترجما ن کا کہنا تھا بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے اور کلبھوشن اس کا بین الاقوامی ثبوت ہے۔بھارت نے کلبھوشن یادیو کے کیس کے سلسلے میںبین الاقوامی عدالت میں اپنا بیان داخل کیا ہے جو پاکستان کو موصول ہوگیا ہے۔اس پر تفصیل سے اپنا جواب داخل کرینگے۔ گزشتہ ہفتے کرم ایجنسی میں افغانستان سے ہماری افواج پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 5 جوان شہید ہوئے جب کہ ایک سپاہی کو اغوا کر لیا گیا۔ پاکستان نے اس مرحلے پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیااور ہمسایہ ملک کے ساتھ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ہم خطے میں امن وامان کی فضا ءکوقائم رکھنا چاہتے ہیں۔ افغانستان میں منشیات کی کاشت دہشتگردی کیلئے استعمال ہوتی ہے جو خطے کی صورتحال پر اثرانداز ہوتی ہے۔ شام کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان شام کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے، کسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے بتایا امریکہ نے پاکستانی سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پرآگاہ کیا ہے۔ امریکہ پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت یکم مئی سے محدود کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس معاملے پر دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔برطانوی سرزمین پر نریندرمودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر رد عمل میں ترجمان کا کہنا تھا پوری دنیا جانتی ہے دہشت گرد اور ان کا سرغنہ کون ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہاہے، پاکستان کی حراست میں کمانڈر کلبھوشن جادیو ثبوت ہے کون دہشت گردی کررہا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کا بھارتی دعویٰ جھوٹا، کھوکھلا اور بے بنیاد ہے جس کی کھلے عام تردید کرچکے ہیں۔ بار بار جھوٹ کو دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا۔بھارتی فضائیہ کی لڑاکا طیاروں کی تعداد د±گنی کرنے پر ترجمان نے رد عمل کا اظہار کیا اورجذباتی انداز میں ایک شعر پڑھا۔
سرفروشی کی تمنا اب ہمار ے دل میں ہے
دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے
انہوں نے کہا بھارت کا جنگی جنون ایک جانب، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔اسلام آباد ٹریفک حادثے میں ملوث امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف سے متعلق ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ویانا کنونشن کے مطابق سفارتکاروں کو استثنیٰ ہوتا ہے۔ کرنل جوزف کے ساتھ ویانا کنونشن کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔دفترخارجہ فی الحال واقعے کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ کا انتظار کررہا ہے۔ایران نے گزشتہ ہفتے 66پاکستانی انتظامیہ کے حوالے کیے ہیں جو غیر قانونی طور پرایران میں داخل ہوئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا ایرانی رہبر انقلاب نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کی مذمت کی۔ ایرانی وزیر خارجہ بھی اس ضمن میں بیان جاری کر چکے ہیں۔
پاکستان