لندن : مودی کی آمد کیخلاف احتجاج جاری‘ بھارت پر برطانوی دباﺅ برقرار رکھا جائے : برطانوی اخبار
لندن(آئی این پی‘صباح نیوز)دولت مشترکہ کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیراعظم مودی کی آمد پرلندن میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔خالصتان موومنٹ کے کارکنان نے بڑا احتجاج کیا۔ اس موقع پر بھارتی جھنڈا بھی پھاڑا گیا۔بھارتی وزیراعظم کو اپنے ملک میں انتہاپسندی کیخلاف بیرون ملک میں بھی شدید احتجاج کا سامنا ہے۔لندن کے پارلیمنٹ سکوائر کے باہر 700 سے زائد افراد نے کشمیر میں بھارتی مظالم، بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور زیادتی کے واقعات کیخلاف شدید احتجاج کیا۔دوسری جانب برطانوی اخبار گارڈین نے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ بھارت جمہوریہ خوف ہے۔ برطانیہ کو مودی پر دباﺅ برقرار رکھنا چاہیے، ہندو قوم پرستی کے نام پر کٹھوا اور اترپردیش میں کمسنوں سے زیادتی پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سزا وار ٹھہرایا جائے۔ اخبار نے مزید لکھا بھارت میں زیادتی کے واقعات محض بے قابو مذہبی جنونیت نہیں بلکہ فاشزم پر مبنی ہندو ریاست کی جانب اقدام ہیں۔
مودی/احتجاج