میں کپتان ہوتا تو فواد عالم ٹیم میں شامل ہوتا: یونس خان
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ مسلسل کارکردگی دکھانے والے فواد عالم کو موقع نہیں مل رہا، اگر وہ کپتان ہوتے تو فواد عالم ٹیم میں شامل ہوتے۔ان کا کہنا ہے کہ فواد عالم اس معاملے میں بڑے بدقسمت ہیں کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود انہیں موقع نہیں دیا جارہا۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ جب مصباح الحق کی قیادت میں ہم انگلینڈ گئے تو تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود سیریز کے نتائج کو اپنے حق میں نہیں کر سکے تھے،اس ٹیم کے برعکس سرفراز احمد کی قیادت میں اعلان کردہ 16 ارکان پرمشتمل ٹیم زیادہ تر نوجوانوں اور کم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جسے انگلینڈ ہی نہیں آئرلینڈ کے سرد موسم میں بھی مشکل صورت حال کا سامنا کر نا پڑسکتا ہے۔فواد عالم کی تکنیک پر کی جانے والی تنقید کے بارے میں یونس خان نے کہا کہ میں اسے ماننے کے لئے تیار نہیں کیوں کہ ہر کھلاڑی اپنی تکنیک کے ساتھ پرفارمنس پیش کرتا ہے۔یونس خان نے کہا کہ میرے بارے میں لوگ خیال کرتے تھےکہ میں آسڑیلیا اور انگلینڈ میں جا کر ناکام ہو جاوئں گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔