• news

کمانڈر سدرن نے بلوچستان میں سکیورٹی ، ترقیاتی منصوبے بر وقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل سریاب روڈ اور جوائنٹ روڈ کی توسیع اور نواں کلی بائی پاس کی تعمیر کے منصوبوں پر آئندہ چند روز کے اندر عملدرآمد کے آغاز کا فیصلہ کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو تمام تر انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پیکیج میں شامل دیگر ترقیاتی منصوبوں پر فوری آغاز کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں کوئٹہ ترقیاتی پیکیج،کیڈٹ کالج آواران، تربت بلیدہ روڈ، ایم ایٹ اور وزیراعلیٰ پیکیج میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیااور متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی اور منصوبوں کی سکیورٹی سمیت بلوچستان میں ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کے تحت سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد سے شہریوں کو صحت وصفائی، ماحولیات اور آمدورفت کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن