حکومت چین کیساتھ تجارت کے علاوہ سیاحت کو بھی فروغ دے: ایس ایم نوید
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ایس ایم نوید نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان تجارت کے ساتھ ساتھ سیا حت کو بھی فروغ دیا جائے۔ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل اور مناظر فطرت کو بروئے کارلاتے ہوئے پاک چین مشترکہ سیاحتی زون تشکیل دیا جائے۔ اجلاس میں متعدد سینئر اراکین مجلس عاملہ شریک تھے۔ ایس ایم نوید نے کہا کہ گلگت بلتستان کا علاقہ نہ صرف خوبصورت ہے بلکہ ایک اچھے سیاحتی مرکز کیلئے درکار تمام تر لوازمات بھی وہاں موجود ہیں جنہیں چین اور پاکستان کے سیاحتی ماہرین کے اشتراک سے جدت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو اس مقصد کیلئے پاک چین جوائنٹ چیمبر کے بھرپور تعاون کی پیشکش بھی کی۔انہوں نے بتا یا کہ گلگت بلتستان دنیا کے چار مشہور اور عظیم پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے جس میں کراکرم، کوہ ہمالیہ، ہندوکش اور پامیر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کا یہ شمالی علاقہ دنیا کے سب سے طویل گلیشیرز سموئے ہوئے بھی ہے نیز یہاں دستیاب مواقعے ٹریکنگ، پروتاروہن اور ہائکنگ کیلئے بھی بہت مفید ہیں جس کی وجہ سے یہ علاقہ انٹرنیشنل ٹورزم انڈسٹری کی توجہ کا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک چین جوائنٹ چیمبر کے ریسرچ سیل نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ گلگت بلتستان کے کئی علاقے آثار قدیمہ سے بھی مالا مال ہیں جن میں قدیم گول پتھر اور، بدھ مت مذھب کے قدیم متبرک مقامات نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔