• news

پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

وارسا(صباح نیوز)پاکستان اورپولینڈ نے مختلف شعبوں خصوصاً دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کااظہارکیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر پولینڈ کے تین روزہ دورے پر ہیں ، جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پولینڈ کے وزیر دفاع نے دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خرم دستگیرنے افغانستان اور خطے میں امن اوراستحکام کے فروغ کیلئے سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کے موقف اور کوششوں کی تفصیلی وضاحت کی۔اپنے پولش ہم منصب اوردیگر معززین کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران وزیردفاع نے بتایا پاکستان پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پریقین رکھتا ہے اورپاکستان ہرقسم کی دہشتگردی خواہ کسی بھی شکل میں ہو، کی شدید مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان نے خفیہ معلومات کے تبادلوں سے دنیابھرمیں دہشتگردی کے کئی واقعات رونما نہ ہونے دیئے اور دنیا کو دہشتگردی کے واقعات سے بچایا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کثیرالجہتی تعاون کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے گئے۔
پاکستان/پولینڈ

ای پیپر-دی نیشن