حکومت ملٹی نیشنل کمپنیاں میڈلسٹ ریسلرز کو انعامی رقم دیں : عارف حسین
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 21 ویں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں اور انکے کے کوچز میں 9 لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کیے گئے۔ میگا ایونٹ میں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے انعام بٹ پہلوان کو تین لاکھ جبکہ برانز میڈل حاصل کرنے والے محمد بلال، طیب رضا، محمد نوح دستگیر بٹ اور طلحہ طالب کو ایک ایک لاکھ روپے جبکہ دونوں ٹیموں کے کوچز کو بھی ایک ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ پی او اے ہاوس لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن تھے جبکہ اس موقع پر سیکرٹری پی او اے خالد محمود، نائب صدور پی او اے شوکت جاوید، چوہدری یعقوب سمیت پاکستان ریسلنگ فیڈریشن اور پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن کے آفیشلز بھی موجود تھے۔ پی او اے صدر نے اپنے خطاب میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو تقریب میں خوش آمدید کہا اور انہیں میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد انعام بٹ نے 2010ءکے بعد 2018ءکی کامن ویلتھ گیمز میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ میڈلسٹ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں کوچز کا بھی بڑا اہم کردار ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان اور دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں سے درخواست کرونگا کہ وہ بھی کامن ویلتھ گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو انعامی رقم دیں۔ صدر پی اے اے سید عارف حسن کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان سے اپیل کرونگا کہ وہ محمد انعام بٹ کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازے میں ان کا نام تجویز کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت ریسلرز اور ویٹ لیفٹرز کے لیے بین الاقوامی معیار کا گوجرانوالہ میں انفراسٹرکچر مہیا کرئے تاکہ مستقبل میں ہونے والے بین الاقوامی لایونٹس جن میں 2020ءاولمپکس مقابلے شامل ہیں کی بھرپور تیاری کر سکیں۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی چاہیے کہ وہ کھیلوں کی تنظیموں کی مالی سپورٹس کرئے تاکہ کھلاڑی اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کر سکیں۔ اس سلسلہ میں پی ایس بی اور واپڈا کو چاہیے کہ وہ کھلاڑیوں کے لیے غیر ملکی کوچز کی بھی خدمات حاصل کریں تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان واپڈا کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں میڈل حاصل کرنے والے پانچ کھلاڑیوں میں سے چار کا تعلق پاکستان واپڈا سے ہے جبکہ ایک کھلاڑی کا تعلق ایچ ای سی سے ہے۔ پاکستان واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین بھی اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کے ایک ریسلر طیب رضا نے برانز میڈل حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز کے میڈلسٹ کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کھلاڑی مستقبل کے ایونٹس کے لیے بھرپور تیاری کریں۔