• news

پنجاب انٹر نیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں سوئمرز کا تربیتی کیمپ شروع

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں سوئمرزکا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا ہے، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کیمپ کا افتتاح کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حفیظ بھٹی، سوئمنگ کنسلٹنٹ شاہد فقیر، مینجر پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس صہیب گل، عامر شاہ، ڈاکٹر عبداللہ شفیق و دیگر افسران بھی موجود تھے، مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس انیس شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے سوئمرز کی تربیت کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے تربیتی کیمپ کا انعقاد انقلابی اقدام ہے، سوئمنگ کا شوق رکھنے والے نئے سوئمرز کو عالمی معیار کے سوئمنگ پول میں ماہر کوچز تربیت دے رہے ہیں جس سے وہ اچھے تیراک بنیں گے اور عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے خود کو تیار کرسکیں گے۔
نہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھیلوں کے فروغ کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، سپورٹس بورڈ پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ہر کھیل کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے، محمد انیس شیخ نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں45نوعمر سوئمرز شرکت کررہے ہےں، جس میں بوائز اور گرلز شامل ہیں، کیمپ 15مئی تک جاری رہے گا ، کیمپ کے اوقات پیر سے جمعہ تک شام 5سے 7بجے تک ہوں گے، کیمپ میں ماہر کوچز سوئمرز کو تربیت دیں گے۔ سوئمنگ کنسلٹنٹ شاہد فقیر نے کہا کہ سوئمنگ کے میدان میں پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے، تربیتی کیمپ سے سوئمرز کی نئی کھیپ نکلے گی جو پاکستان کانام روشن کریگی، تربیتی کیمپ میں سوئمرز کو عالمی خطوط پر تربیت دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن