• news

اولمپک مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کا خواہشمند ہوں : انعام بٹ

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) کامن ویلتھ گیمز میں ریسلنگ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے انعام بٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی پہلوان سے مقابلے کے دوران تماشائی انڈیا، انڈیا کے نعرے لگا رہے تھے، لیکن انہوں نے اس چیلنج پر قابو پانے کےلیے خود کو یہ باور کروایا کہ یہ تماشائی دراصل انعام، انعام کے نعرے لگا رہے ہیں۔ اس طرح وہ اس چیلنج پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے اور ڈیڑھ منٹ میں دس صفر کے بڑے مارجن سے بھارتی ریسلر کو ہرا کر مقابلہ جیت لیا ۔گوجرانوالہ کے انعام بٹ اور محمد بلال کزن ہیں، جو ایک ہی گھر میں رہتے ہیں اور اکٹھے ٹریننگ کرتے ہیں۔ انعام نے کا 86 کلوگرام کیٹیگری میں سونے کا واحد میڈل جیتا تھا جبکہ محمد بلال نے 57 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ انعام بٹ نے کہا کہ اولپمک مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواہشمند ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ریسلنگ میں پیسہ آئے گا تو یہ ترقی کرے گا، ہمیں میڈلز لانے والے کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے تاکہ وہ مزید کامیابیاں سمیٹیں۔ محمد بلال نے بتایا 10، 12 سال پہلے ریسلنگ کی کیٹگریز نہیں ہوتی تھیں، لیکن اب ریسلنگ کی ویٹ کیٹگریز بنا دی گئی ہیں اور ہر کیٹگری میں ایک جیسے وزن کے حامل کھلاڑیوں کا مقابلہ ہوتا ہے وہ کسی بھی مقابلے سے قبل حریف کھلاڑی کو دیکھ کر ٹریننگ کرتے ہیں، اگر سامنے والا بہت مضبوط ہو تو وہ ٹریننگ مزید بڑھا دیتے ہیں۔ ہر مقابلہ 'ڈو اینڈ ڈائی' ہوتا ہے، ایک بھی مقابلہ ہارنے کی صورت میں گولڈ میڈل ہاتھ سے نکل سکتا ہے۔ انعام بٹ نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز میں جس بھارتی پہلوان کے ساتھ ان کا مقابلہ تھا، وہ ہاٹ فیورٹ اور گولڈ میڈلسٹ تھا، لہذا اس کےلیے انہوں نے کوچز سہیل رشید، فرید اور محمد انور کےساتھ مل کر بہت زیادہ تیاری کی اور جو پلان بنایا، اس میں کامیاب ہوئے اور بھارتی پہلوان کو بڑے مارجن سے شکست دے کر اگلے رانڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔انہوں نے حکومتی سرپرستی نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا اور بتایا کہ 'میں نے اپنی مدد آپ اور ریسلنگ فیڈریشن کی مدد سے ٹریننگ کی اور ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا۔گولڈ میڈل جیتنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انعام بٹ کے لیے 50 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے انعام نے بتایا کہ صوبائی وزیر ریاض پیرزادہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی سے بھی بات ہوئی ہے، انہوں نے سمری بھجوا دی ہے اور اسی ماہ میں ہمیں انعام کے پیسے مل جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن