ساہیوال، حافظ آباد: ایپکا لاہور کے صدر پر تشدد، کلرکوں کی ہڑتال، مظاہرے
ساہیوال ، حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن ضلع ساہیوال کے زیراہتمام کلرکوں نے گزشتہ روز ہڑتال کی۔ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجٹ میں تنخواہیں بڑھانے اور ان کے دیگر مطالبات کی منظوری کا اعلان کرے ورنہ ملازمین احتجاجی مارچ لاہور کی طرف کرینگے۔ ظلم کا دور ختم ہو نے والا ہے۔جب ظلم حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ریاستی تشدد ہمیں اپنے بنیادی اور آئینی حقوق کے حصول کی جدوجہدسے نہیں روک سکتے۔ریاستی جبر و تشدد کا مقابلہ ڈٹ کر کیا جائے۔ساہیوال ڈویژن بھر کے کلرک لاہور کے ایپکا کارکن تصور حسین پر قاتلانہ حملہ اور تشدد کی بھر پور مذمت کر تے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈویژنل صدر آل پاکستان کلر کس ایسوسی ایشن ساہیوال ڈویژن چوہدری مبارک علی گوجر نے تمام دفاتر کی مذمتی ہڑتال کے موقع پر ایپکا کارکنان اور صحا فیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔اس مو قع پر صدر ایپکا ڈی سی آفس بابر اقبال،صدر ایپکا ایجوکیشن ساہیوال رائو شمیم احمد خاں،راشد گوجر،شیر احمد سگھلہ،چوہدری منیر حسین طاہر،جنرل سیکرٹری ایجوکیشن چوہدری سلیم اختر،چوہدری ساجد علی جٹ، رانااصغر علی،رائو قمر منور سمیت عہددران و کارکنان بھی موجود تھے۔ آخر میں چوہدری مبارک علی گوجر نے مزید گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ چوہدری تصور حسین پر حملہ کر نے والے غنڈہ عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قانونی سزا دی جائے۔ حافظ آباد میں بھی چودھری تصور پر تشدد کیخلاف ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے واقعہ میں ملوث افسروں کو فوری گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔