• news

ملکی بقاء و سلامتی نظام مصطفیؐ کے نفاذ میں ہے: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمینر حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء و سلامتی نظام مصطفی ؐ کے نفاذ میں ہے، مدینہ منورہ کی ریاست مسلم اور غیر مسلموں کے حقوق کی محافظ تھی، انتہاء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف عالمی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، پیغام اسلام کانفرنس پیغام پاکستان کے مشترکہ نقاط کی تائید ہو گی، یہ بات انہوں نے پیغام اسلام کانفرنس کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد کہی، اس موقع پر مولانا محمد ایوب صفدر، مولانا عبد الحمید وٹو، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا شمس الحق، مولانا مبشر رحیمی اور دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ تیسری سالانہ پیغام اسلام کانفرنس میں 12 سے زائد اسلامی ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے، کانفرنس میں انتہاء پسندی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد، اسلامی اور عرب ممالک میں بیرونی مداخلت، پاکستان سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف ہونے والی سازشوں کے بارے میں متفقہ لائحہ عمل سامنے لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میں تباہی پھیلانے والوں کو ہدف پاکستان ہے، امریکہ، اسرائیل، بھارت پاکستان کی فوج اور قوم کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن اس طرح کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، کسی کو پاک فوج یا پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے قربانیاں دینے والوں کے خلاف سازشیں نہیں کرنے دی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن