سینٹ : خریدوفروخت کرنے والے سامنے لائے جائیں‘ ہمیں تو کوئی نہیں ملا : سراج الحق
لاہور/ لندن/ گجرات (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے جس سیاست سے قوم کی صحیح رہنمائی نہ ہو اس کو حرام سمجھتا ہوں، جماعت اسلامی نے امیر بنایا لیکن خود کو عام کارکن ہی سمجھتا ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب تک پارٹی میں جمہوریت نہ ہو کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی، سینٹ الیکشن میں خرید وفروخت کرنے والوں کو سامنے لایا جائے، پیسے دیکر کوئی سینٹ میں پہنچے تو ادارے کی عزت پر سوالات پیدا ہوتے ہیں، سیاسی جماعتوں میں کارکنوں کی تربیت لازمی ہونی چاہئے، ہم خیبر پی کے حکومت میں شامل ہیں اس کی اچھائی یا برائی سے انکار نہیں، جماعت اسلامی کے وزراءنے خیبر پی کے میں بہت کام کیا، کوئی ایسا شخص نہیں ملا جس نے سینٹ الیکشن میں پیسوں کی پیشکش کی ہو۔ آن لائن کے مطابقسراج الحق نے کہا پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ہمیشہ ایک دوسرے کے مخالف رہے لیکن سینٹ انتخابات میں ایک ہو گئے۔ پی ٹی آئی نے ووٹ بیچنے والے ارکان کو نوٹس دیکر اچھا اقدام کیا۔ سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والا گناہ گار ہے تو ووٹ لینے والے کا کیا ہو گا۔ چیئرمین سینٹ کے بعد ڈپٹی چیئرمین بھی بلوچستان سے آتا تو اچھا ہوتا۔ جماعت اسلامی اصولوں کی بنیاد پر خیبر پی کے حکومت میں شامل ہوئی تھی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا دیکھنا ہوگا جنہوں نے ووٹ بیچا ہے ان کی آئینی اور اخلاقی حیثیت کیا ہے۔ پی پی کے پاس اتنے ووٹ نہیں تھے تو سلیم مانڈوی والا کیسے جیتا۔ میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے پشاور کھنڈر میں تبدیل ہوگیا۔ فواد چوہدری کو جواب دینا اپنے منصب کے منافی سمجھتا ہوں۔ اصولوں کے بنیاد پر خیبر پی کے حکومت میں شامل ہوا تھا۔ لندن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا نواز شریف کو الیکشن کے قریب دھاندلی نظر آرہی ہے۔ کرپشن پر عدالتوں میں کیس ہیں یہ کاغذات پی ٹی آئی نے نہیں دیئے تھے۔ خیبر پی کے حکومت پر چیف جسٹس نے جن اداروں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اس کو درست کریں گے۔ سراج الحق کو ہم نے سینیٹر بنوایا، غیر اخلاقی الزامات لگانا ہے تو استعفیٰ دیں۔ میاں نواز شریف کے خلاف جلد فیصلے آنے والے ہیں، وہ جیل جائیں گے۔ بیگم کلثوم کی بیماری پر پی ٹی آئی اظہار ہمدردی کرتی ہے، اللہ ان کو صحت دے۔ نامہ نگار کے مطابق گجرات میں مقامی سکول میں اسلامی جمعیت طلبہ شمالی پنجاب کے ذمہ داروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہم نے چھ ہزارکرپٹ اشرافیہ اورسیاستدانوں کی فہرست تیارکررکھی ہے جن کو اڈیالہ جیل اورکوٹ لکھپت جیل جانا پڑے گا، اللہ کامعاشی نظام نافذ کیے بغیر ہمارے سیاسی معاشی سماجی مسائل حل نہیں ہوسکتے مفاد پرست اشرافیہ کے قلب کو توڑنے کے لئے ہر فرد کو اٹھنا ہوگا ہم انسانوں کی دنیا حسین وخوبصورت کرنا چاہتے ہیں تاکہ انسان انسان کا غلام نہ بنے، مہنگائی کی چکی میں نہ پسے، غربت جرم نہ ہو، لوگوں کوگردے اور اولاد نہ بیچنی پڑے، شہروں اور دیہاتوں میں یکساں اندھیرے نہ ہوں، کسان مزدور بدحال نہ ہوں، قرآن کا نظام آئے گا تو دکھوں کا مداوا ہوگا۔ 2018کے انتخابات میں قوم سیاسی دہشت گردوں معاشی دہشت گردوں کے خلاف ووٹ کی پرچی سے انقلاب برپا کرے۔
سراج الحق