سراج الحق نے بھانڈا پھوڑ دیا: فضل الرحمن
ڈی آئی خان (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے 20ارکان کو پارٹی سے نکال کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ سراج الحق نے ان کا سارا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ یہ تو بتاﺅ کس کے کہنے پر ووٹ دیا۔اسلام کیلئے جدوجہد ہر فورم پر اور ہر وقت جاری رہے گی۔ ہم عوام سے ووٹ کی طاقت چاہتے ہیں۔ ہم ملک میں آئینی جدوجہد کر رہے ہیں‘ بندوق کی جنگ نہیں لڑ رہے۔ ہم روشن خیالی کے مخالف نہیں، آئین کے مطابق ہر غریب کو حقوق دینے کی بات کرتے ہیں۔ صوبوں کواختیارات دینے کا مطالبہ آئین کے مطابق ہے۔ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسلام کانفرنس کے شاندار انعقاد پر تمام لوگوں کے مشکور ہیں، جمعیت اور حکمرانوں کے درمیان نظریاتی جنگ ہے، پاکستان کواسلامی مملکت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ 1973ءکے آئین میں اسلام کی دفعات متفقہ طور پر شامل کی گئیں۔ مذہبی جماعتوں نے فرقہ ورانہ ہم آہنگی کیلئے ہمیشہ تعاون کیا۔ میں نے مخالفین کا پیچھا نہیں چھوڑا، تمام مذہبی جماعتیں ایم ایم اے کی شکل میں اکٹھی ہوچکی ہیں۔ قوم کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔ صوبے میں کرپشن کی جارہی ہے۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔ خیبر پی کے میں کوئی حساب کتاب نہیں ہو رہا۔ وزیراعلیٰ اور وزیر ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔ پشاور کو برباد کر دیا گیا۔ قوم کے سامنے جھوٹ بولا جارہا ہے۔ ایک ارب درخت لگانے کا اعلان کیا گیا جس کے پیچھے پڑتے ہیں کردار کشی شروع کر دیتے ہیں۔ خیبر پی کے حکومت کیلئے کوئی عدالت نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ادارے انصاف سے کام لیں‘ صرف سیاستدانوں کا پیچھا ہو رہا ہے۔ آپ نے اے ٹی ایم کو تو نہیں نکالا۔ عدالت نے جسے نااہل کیا وہ ابھی بھی آپ کی گود میں بیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگوں کے پانامہ کیس میں نام آئے لیکن کوئی پکڑنے والا نہیں۔ پانامہ کیس میں نوازشریف کو نکال دیا گیا۔ احتساب کے ادارے ایک پارٹی کو تحفظ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کو ایک دو کمپنیوں کی وجہ سے اقتدار سے نکالا گیا۔ لکی مروت کے پی ٹی آئی رہنما کی پانامہ میں 34 کمپنیاں ہیں۔ آپ کی اے ٹی ایم آپ کی جیت میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی ٹوکری میں تمام ٹماٹر ہی گندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ کو کہا جارہا ہے کہ آپ کو ووٹ دینا ہے اوپر سے حکم ہے۔ ایسے لوگ اقتدار میں دوبارہ آگئے تو پھر کہیں گے انہیں لایا گیا ہے۔ ایم ایم اے اور کتاب کے نام پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے انتخابی معرکہ جیتیں گے۔ ہوائی غباروں کی قدعونیت کو زمین بوس کرنے آئے ہیں۔ تبدیلی کی بات کرتے ہیں‘ اس حوالے سے ایک کام بھی نہ کرسکے۔ کمشن کیلئے سارے پشاور کو اکھاڑ کر رکھ دیا۔