• news

مسلم لیگ نون دلوں میں ہے اور رہے گی‘ وزیراعظم کراچی میں بجلی بحران ختم کرائیں : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کل بھی عوام کے دلوں میں بستی تھی اور آئندہ بھی عوام کے دلوں میں رہے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بلاامتیاز عوام کی خدمت کی ہے۔ عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی۔ نام نہاد تبدیلی کے دعویدار صرف کھوکھلے دعوے کرتے رہے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا اور آج ان کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ یہ جماعت کے پی کے کے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپی کے کے عوام نے ہمیں موقع دیا تو دن رات اپنے بھائیوں کی خدمت کریں گے۔ صوبے کو پنجاب کی طرح بدل دینگے۔ شہباز شریف نے وزیراعظم سندھ بالخصوص کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے شاہد خاقان عباسی سے مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے معاملات اور اربوں کے واجبات کا معاملہ اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے لیکن عوام کی تکلیف اور پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کی فوری ضرورت ہے رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اس مبارک مہینے میں بجلی کی اہمیت مزید بڑھ اتی ہے وزیراعظم حکومت سندھ اور اس کے ذیلی اداروں کی طرف سے واجب الادا بلوں کی ادائیگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں لیکن میری درخواست ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے دوران عوام کی تکلیف کا احساس کیا جانا چاہئے اور اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ شہبازشریف سے امریکہ میں مقیم معروف پاکستانی بزنس مین محمد راغب حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں محمد راغب حسین نے صوبہ پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے غیرمعمولی اقدامات پر شہبازشریف کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ وژنری لیڈر ہیں۔ یوم اقبال پر پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہے کہعلامہ محمد اقبالؒ ایک عظیم دانشور تھے، ان کے افکار اور نظریات آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔پاکستان کا بطور ایک آزاد ،اعتدال پسند ، جمہوری اور فلاحی ریاست کا قیام علامہ اقبالؒ کی سوچ اور فکر کا مرہون منت ہے۔ شہباز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا ہماری حکومت نے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا رکھا ہے خدمت کے آگے گالی گلوچ کی سیاست کوئی حیثیت نہیں رکھتی میرا ایمان ہے کہ عوام خدمت کی سیاست کرنے والوں کو سر آنکھوں پربیٹھاتے ہیں۔ کراہ ارض کی حفاظت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں ماحولیات کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف آج اتوار کو کراچی پہنچیں گے مسلم لیگ کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف مسلم لیگ ن کے وفود سے ملاقاتوں کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنما¶ں سے ملاقات کریں گے وزیراعلیٰ پنجاب گرین بس پروجیکٹ بورڈ آفس انٹر ایکسچینج کا دورہ بھی کریں گے شہباز شریف جلد اندرون سندھ کا دورہ بھی کریں گے اور اہم سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن