سائوتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ : پاکستان نے 2گولڈ ، 2سلور میڈل جیت لئے
لاہور (نمائندہ سپورٹس ) پاکستانی جوڈ کاز شاہ حسین شاہ اور قیصر خان نے سائوتھ ایشین جوڈ و چیمپئن شپ میں طلائی تمغے جیت لئے ۔ حمیرا عاشق اور مریم نے چاندی کے تمغے حاصل کئے۔ نیپال میں شروع ہونے والی چیمپئن شپ کے ابتدائی روز پاکستانی جوڈ و کاز نے مختلف کیٹگریز کے مقابلوںمیں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی اور دو چاندی کے تمغے جیتے ۔ پاکستانی جوڈ و کاز قیصر خان نے مائنس 90کلوگرام کیٹگری میں پہلے رائونڈ میں روایتی حریف بھارتی کھلاڑی کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ۔ لاسٹ فور مقابلے میں انہوں نے سری لنکا کے کھلاڑی کو زیر کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ فیصلہ کن معرکے میں عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقراررکھتے ہوئے نیپال کے کھلاڑی کو شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا ۔ مینز 100پلس کیٹگری میں پاکستان کے جوڈ و کاز شاہ حسین شاہ نے ابتدائی رائونڈ میں بھارتی کھلاڑی کو زیر کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ۔ سیمی فائنل میں انہوں نے نیپال کے کھلاڑی کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ فائنل میں سری لنکن حریف کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ پاکستان کی حمیرا عاشق اور مریم نے خواتین کی مائنس 48اور مائنس 52کلوگرام کیٹگری میں چاندی کے تمغے اپنے نام کئے ۔ دونوں کھلاڑیوں کو فائنلز میں بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ میزبان نیپال ‘بھارت ‘بنگلہ دیش ‘سری لنکا اور بھوٹان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ۔ پاکستان کے چھ مرد اور پانچ خواتین جوڈو کاز حصہ لے رہی ہیں ۔ مرد کھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ ‘قیصر خان ‘مدثر علی ‘محمد عباس ‘بابر حسین اور ندیم اکرم جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں حمیر عاشق ‘مریم ‘شمائلہ گل ‘عاصمہ بانو اور بینش خان شامل ہیں ۔