قومی کرکٹرز کا تربیتی پذیر ، پریکٹس میچ بھی کھیلا، آج رات انگلینڈ روانگی
لاہور (نمائندہ سپورٹس )دورہ برطانیہ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن ختم ہو گیا، سکواڈ نے بائولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ پر بھرپور فوکس کیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے آخری روز پریکٹس کے ساتھ ساتھ مختلف ٹاسک بھی دیئے گئے۔ فٹنس اور فیلڈنگ ڈرلز پر خصوصی توجہ دی گئی،جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے نئے فزیو اینڈریو کلف ڈکن نے کھلاڑیوں کو وارم اپ اور جسمانی لچک کیلئے ورزشیں کرانے کے بعد شارٹ سپرنٹس میں سرگرم رکھا، بھاگتے بھاگتے جھک کر ہاتھوں سے پیر کو چھونے کا ٹاسک بھی دیا گیا،کمر پر رسہ باندھ کر مخالف سمت میں چلنے کا سلسلہ جاری رہا.فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن نے انگلش کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہوا میں تیرتے ہوئے رخ بدلتی گیندوں پر کیچنگ پریکٹس کرائی، اس مشقت نے فیلڈرز کی مستعدی کا خوب امتحان لیا۔کپتان سرفراز احمد نے وکٹ کیپنگ گلوز پہن کر سٹیورکسن کی مدد سے تیز ہوا کی وجہ سے اونچی، نیچی رہ جانے والی گیندوں پر قابو پانے کا طویل سیشن کیا۔ سنگل وکٹ کے پیچھے کھڑے ہوکر ایک معاون بیٹسمین کی طرف سے اچانک چھوڑی جانے والی گیندوں پر کیچ اور رن آؤٹ کرنے کی مشق بھی کرتے رہے،بائولرکی ذمہ داری رکسن نے نبھائی،وہ ساتھ ساتھ سرفراز احمد کی غلطیوں کی نشاندہی بھی کرتے رہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر توجہ دی ‘بائولنگ مشین سے پھینکی گئی تیز گیندوں پر اسد شفیق، بابر اعظم اور حارث سہیل نے اپنی ٹائمنگ بہتر بنائی۔قومی ٹیسٹ ٹیم آج رات شب انگلینڈ روانہ ہوگی۔پہلا 4روزہ وارم اپ میچ کینٹ کیخلاف 28اپریل سے یکم مئی،دوسرا میزبان نارتھمپٹن شائر کے ساتھ 4سے 7مئی تک ہوگا،آئرلینڈ لینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ 11مئی کو ڈبلن میں شروع ہوگا، بعد ازاں لیسٹر شائر میں ایک ٹور میچ اور انگلینڈ کیخلاف 2طویل فارمیٹ کے میچز بھی شیڈول ہیں۔