اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ایک اور فلسطینی چل بسا، شہدا کی تعداد 5 ہو گئی، 200 زخمی
رملا (سنہوا+نوائے وقت رپورٹ) محمود عباس نے فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن کے اقوام متحدہ میں نمائندے سے مطالبہ کیا ہے وہ اسرائیلی مظالم سے تحفظ کے لئے فلسطینیوں کے عالمی سطح پر تحفظ کا مطالبہ کریں۔ پی ایل او کے سیکرٹری جنرل صائب اریکات نے میڈیا کو بتایا صدر محمود عباس نے اس سلسلہ میں ایک ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے سفیر ریاض منصور سے کہا ہے وہ سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئٹرس کے ساتھ معاملہ اٹھائیں۔مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے مظاہرے پر فائرنگ کے سبب زخمی ایک اور زخمی فلسطینی چل بسا۔ شہدا کی تعداد 5 ہو گئی۔ زخمیوں کی تعداد 200 بتائی جاتی ہے۔ گزشتہ روز صہیونی فوج نے اندھا دھند گولیاں چلا دی تھیں جس کے سبب 4 نوجوان موقع پر شہید اور بیسیوں زخمی ہو گئے تھے۔