ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار، بھارتی سپریم کورٹ نے داؤد ابراہیم کی جائیداد ضبطی کا حکم دیدیا
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے دائود ابراہیم کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیدیا ۔گزشتہ روز بھارتی سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہو ئے دائود ابراہیم کی تمام املاک کوضبط اور جائیداد کی قرقی کا حکم برقرار رکھا ہے ۔دائود ابراہیم کی والدہ امینہ بی اور بہن حسینہ ابرہیم پارکر کے وکیل کی جانب سے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔در خواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مذکورہ جائیداد اور املاک ان کی ذاتی جائیداد ہے، دائود ابراہیم سے اس کا تعلق نہیں۔ بھارتی عدالت کے جج آر کے اگروال نے دائود ابراہیم کی والدہ امینہ بی اور بہن حسینہ ابراہیم پارکر کے وکیل کے موقف کو تسلیم نہیں کیا ،عدالت کا فیصلے میں کہنا ہے کہ املاک اور جائیداد دائود ابراہیم سے حاصل کی گئیں۔سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہو ئے مرکزی حکومت کو حکم دیا کہ د ائود ابراہیم کی تمام املاک و جائیداد ضبط کر لی جائیں۔