سامراجی طاقتوں کا سب سے بڑا ہتھیار الکوحل اور منشیات ہیں : ترک صدر
استنبول(آئی این پی)ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ سامراجی طاقتوں کاسب سے بڑا ہتھیار الکوحل اور افیم ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیب اردگان نے یہ بات استنبول میں یشیل آئے زمرو دوآنکہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔اپنے خطاب میں صحت مند نسلوں کے کسی ملک کا درخشاں مستقبل ہونے کا ذکر کرنے والے صدر نے کہا کہ ایک قوم کا عظیم ترین خزانہ اور طاقت ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند نسلوں کا مالک ہونا ہے۔نوجوانوں کو نشہ آور مادوں، سگریٹ نوشی، جوئے اور دہشت گردی کی لت میں دھکیلنے والے ممالک کا مستقبل تاریک ہو جاتا ہے۔ صدر ِ ترکی نے کہا کہ سامراجی طاقتوں نے الکوحل اور نشہ آور مادوں کو اپنے اسلحہ کے طور پر استعمال کیا ہے۔ ہماری طرح کے ترقی کی جانب گامزن ملکوں کے سر پر مسلط کی جانے والی PKK کی طرح کی دہشت گرد تنظیموں کا سب سے بڑا ذریعہ آمدن منشیات کی سمگلنگ ہے۔