• news

ماورائے عدالت قتل، گمشدہ افراد کی تحقیقات کیلئے ”حقائق، مفاہمتی کمشن“ بنایا جائے: منظور پشتین

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نیشن رپورٹ) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) نے تاریخی موچی گیٹ لاہور جلسہ میں ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کیلئے ٹروتھ کمشن (حقائق کمشن) کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ جلسہ میں طلبہ، تاجروں اور مختلف حقوق کیلئے کام کرنے والے گروپوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی ایم کے رہنما منظور پشتین نے کہا ہم ملک میں ماورائے عدالت قتل، گمشدہ افراد کی تحقیقات کیلئے ٹروتھ اینڈ ری کنسیلئیشن (حقائق اور مفاہمتی کمشن) کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پشتین چند ماہ قبل اسلام آباد میں نقیب اللہ محسود کی ہلاکت پر ہونے والے مظاہرہ کے بعد سامنے آئے۔ انہوں نے کہا ہمارا اگلا احتجاج سوات میں ہو گا جبکہ 12 مئی کو کراچی میں ریلی نکالی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا پی ٹی ایم کے پہلے مطالبہ مطالبہ راﺅ انوار کی گرفتاری کو پورا ہوتے ہوئے پورے ملک نے دیکھا اور اب عدالت نے راﺅ انوار کو دہشت گرد قرار دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا اب ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔ جلسہ سے پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر اور حنا جیلانی، آمنہ مسعود نے بھی خطاب کیا۔ ہفتے کی رات پولیس نے پی ٹی ایم کے متعدد افراد کو گرفتار کیا تاہم گزشتہ روز انہیں رہا کر دیا گیا جبکہ پولیس ترجمان نے کسی قسم کی گرفتاریوں کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند رہنماﺅں کو تفتیش کیلئے بلایا گیا تھا جن سے ریلی کے حوالے سے تحقیقات کی گئیں۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما منظور پشتین نے کہا نقیب اللہ محسود کے ورثاءکو انصاف دلایا جائے۔ اس موقع پر پی ٹی ایم کے رہنماﺅں کیساتھ لاہور لفٹ فرنٹ کے رہنما بھی موجود تھے۔ جلسہ میں 3ہزار کے قریب افراد نے شرکت کی جنہوں نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیساتھ نقیب محسود کے قتل میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزائیں دینے کا مطالبہ کیا۔ دیگر رہنماﺅں نے کہا لاہور میں چالیس سال سے موجود پشتونوں کے شناختی کارڈ نہیں بنائے جا رہے جبکہ سوشل سکیورٹی کارڈ بھی نہیں بنائے جا رہے جو ناانصافی ہے۔ شرکاءنے ہاتھوں میں مختلف نعروں کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
پشتون جلسہ

ای پیپر-دی نیشن