ملائشیا: موساد کے مبینہ حملہ میں شہید فلسطینی راکٹ سائنسدان کا پوسٹمارٹم
کوالالمپور (اے ایف پی+ این این آئی) ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں اسرائیل خفیہ ایجنسی ”موساد“ کے مبینہ حملے میں شہید فلسطینی راکٹ سائنسدان البطش کا پوسٹمارٹم کر دیا گیا ہے۔ ملائشیا کے پولیس سربراہ نے کہا تفتیش کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔ اسمبلی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔ ادھر مقتول کے اہل خانہ نے بھی البطش کے قتل کا ذمہ دار موساد کو قرار دیا ہے اور ملائیشین حکومت سے مقتول کا جسد خاکی غزہ بھیجنے کی بھی اپیل کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں علی الصبح پیش آیا جہاں نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد سے گھر جاتے ہوئے نامعلوم مسلح ملزمان نے فلسطینی سائنس دان پروفیسر فادی محمدالبطش کو گولیاں مار دیں۔ ملائیشیا کے ڈپٹی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشتبہ ملزمان کا تعلق ایک غیر ملکی خفیہ ایجنسی سے بتایا جارہا ہے جب کہ ملائیشیا میں فلسطینی سفیر کے مطابق عینی شاہدین نے انہیں بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان چہرے سے یورپی باشندے لگ رہے تھے۔ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل حانیہ نے کہا ڈاکٹر فادی البطش کے خون کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ اسرائیل کے سوا ڈاکٹر فادی کا اور کوئی دشمن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے علم کی روشنی سے فلسطین، قوم اور پوری امت کی خدمت کی۔ ان کی شہادت فلسطینی قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اسماعیل حانیہ غزہ میں شہید فلسطینی پروفیسر ڈاکٹر البطش کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات میں ان سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
پوسٹ مارٹم