• news

پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت کھیلوں کے تمام اداروں کا احتساب ہونا چاہیے: سرفراز نواز

لاہور(نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ ملک میں کرپشن کے خاتمے پر آواز بلند کرنے اور اس پر ڈٹے رہنے پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اتنی بڑی تحریک اور اس شدت کے ساتھ مافیا کے خلاف جنگ مضبوط اعصاب کے مالک عمران خان ہی کر سکتے تھے انہوں نے یہ کام کر کے قومی خدمت کا فریضہ انجام دیا ہے۔ میں عمران خان کے اس اقدام کی تعریف کرتا ہوں اور ہر سطح پر انہیں سپورٹ کرتا رہونگا۔ عمران خان نے کھیل کے میدان میں بھی گرانقدر خدمات انجام دی ہیں اب سیاسی میدان میں بھی انکا سب سے بڑا کریڈٹ مضبوط، طاقتور، بااثر اور ملکی دولت لوٹنے والے افراد کیخلاف کھڑا ہونا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت تمام کھیلوں کے اداروں میں بھی احتساب شروع ہونا چاہیے۔ دیگر اداروں کی طرح ان تنظیموں میں بھی تعیناتیوں و تقرریوں کی چھان بین ضروری ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میری بھی پنشن روک رکھی ہے۔ کرکٹ بورڈ کرکٹرز کی وجہ سے ہے ستم ظریفی یہ ہے کرکٹ بورڈ کے حکام ہی کرکٹرز کو انکے جائز حق سے محروم کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن