آئی سی سی اجلاس ‘ورلڈ کپ میں ایسوسی ایٹ ٹیموں کی تعداد بڑھانے پر غور
کولکتہ (سپورٹس ڈیسک) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس گزشتہ روز بھارت میں شرو ع ہو گیا ۔ اجلاس میںورلڈ کپ میں مزید ایسوسی ایٹ ٹیموں کی شمولیت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 2015ء میں ٹیموں کی تعداد چودہ سے کم کر کے دس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد دو ٹیمیں کوالیفائرز کے بعد شامل ہونا تھیں ‘ویسٹ انڈیز اور افغانستان نے کوالیفائی کیا ہے ۔معاملہ پر مزید 25اور26اپریل کو بات ہو گی ۔ ویمنز کمیٹی نے بھارتی کپتان متھالی راج کو طلب کیا اور ان سے پوچھا گیا کہ کبھی جواریوں نے ان سے رابطہ کیا ہے یا نہیں ‘انہوں نے نفی میں جواب دیا ۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک کی طرف سے آئی سی سی چیئرمین بننے کی خواہش کے حوالے سے بھی بات کی گئی ۔ امکان ہے کہ جائلز کلارک آئی سی سی کے نئے چیئرمین بن جائیں اور دو سال تک ذمہ داری سنبھالیںگے ۔فیصلہ اجلاس میں کیا جائیگا۔اجلاس میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ بال ٹیمپرنگ کے حوالے سے بھی بات کرینگے ۔ اجلاس میں شرکت کیلئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور سی ای او سبحان احمد بھارت پہنچ گئے ہیں ۔ وہ انیس گھنٹے کی مسافت کے بعد اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے ہیں ۔ جس ہوٹل میں پی سی بی حکام کرینگے وہاں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے ۔انتظامیہ کے مطابق یہ ہائی پروفائل میٹنگ ہے اور کسی قسم کے مشکل سے بچنے کیلئے سکیورٹی بڑھائی گئی ہے ۔