او پی سی ڈبلیو کے اسلحہ انسپکٹروں نے دوما سے نمونے حاصل کرلئے
ایمسٹرڈیم (این این آئی)ہالینڈ میں قائم تنظیم برائے امتناع کیمیائی ہتھیار (او پی سی ڈبلیو) کے معائنہ کاروں کی ایک ٹیم نے شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع شہر دوما کا دورہ کیا ہے۔اس نے وہاں 7 اپریل کو کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کی جگہ کا معائنہ کے دوران نمونے اکٹھے کرلیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق او پی سی ڈبلیو نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیم اب ان نمونوں کا تجزیہ کرے گی اور اس کے بعد یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا اس کو دوبارہ مشرقی الغوطہ میں واقع شہر دوما میں مزید معلومات کے حصول کے لیے جانے کی ضرورت ہے یا نہیں ۔ٹیم یہ نمونے واپس نیدر لینڈز بھیجے گی اور پھر تنظیم سے وابستہ لیبارٹریوں کو تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا۔بیان کے مطابق نمونے کے تجزیے، دوسری معلومات اور وہاں سے حاصل کردہ مواد کی بنیاد پر یہ مشن ایک رپورٹ مرتب کرے گا اور پھر اس کو تنظیم کے رکن ممالک کو پیش کرے گا۔اوپی سی ڈبلیو شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران میں 2014ء سے زہریلے کیمیکلز کے استعمال کی تحقیقات کررہی ہے۔